اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفارتخانہ میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاک سعودیہ تعلقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ اور سکیورٹی اُمور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔سفارتخانے آمد پر سعودی سفیر نے اُن کا خیر مقدم کیا ۔ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو وسعت دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر سعودی سفیر نے اسلام آباد میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا۔سعودی سفیر نے برما کے مسلمانوں کے لیگل سٹیس کا دیرینہ مسلہ حل کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔اس ضمن میں باضابطہ معاہدے پر اگلے ہفتے سعودی عرب میں دستخط کئے جائیں گے ۔سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام سے گہرے تعلقات پر فخر ہے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

