اسلام آباد :چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے عہدے سے ہٹائے جانے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عہدے سے ہٹائے جانے کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل آرڈیننس 1972ء کے تحت دائر کی ہے۔
انٹرا کورٹ اپیل میں کہا گیا ہے کہ اپیل کنندہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے موجودہ چیئرمین ہیں۔
مزید کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی اے کو پہلے 24 مئی 2023 کو پی ٹی اے میں ممبر (انتظامیہ) مقرر کیا گیا تھا، پھر 25 مئی 2023 کو انہیں چیئرمین پی ٹی اے کے طور پر تعینات کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن قوانین اور ضوابط کے مطابق اپنے کام انجام دے رہے ہیں اور یہ اپیل چیئرمین پی ٹی اے کی قانونی تعیناتی کو ثابت کرنے کیلئے دائر کی گئی ہے۔
اپیل کنندہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے عدالت سے اپیل فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔

