ڈولپا نیپال کے ضلع ڈولپا میں واقع ملک کی سب سے گہری اور خوبصورت جھیل شے-فوکسونڈو (Shey-Phoksundo Lake) کے قریب ٹریکنگ اور سیر و تفریح کے دوران شدید برف باری کے باعث 6 بھارتی سیاح لاپتہ ہو گئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق لاپتہ ہونے والے سیاحوں میں 4 مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ سیاح نملہ پاس (Numla Pass) اور باگلا پاس (Bagla Pass) کے درمیانی دشوار گزار پہاڑی علاقوں سے گزر رہے تھے کہ اچانک شدید برف باری اور خراب موسم کی لپیٹ میں آ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مقامی لوگوں کی طرف سے خراب موسم کی پیشگی وارننگ کے باوجود انہوں نے اپنا سفر جاری رکھا تھا۔
ان بلند و بالا پہاڑی راستوں پر موبائل فون سگنلز اور نیٹ ورک کی سہولت نہ ہونے کے باعث سیاحوں سے تاحال رابطہ نہیں ہو پایا ہے، جس کی وجہ سے ان کی اصل صورتحال معلوم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور نیپالی فوج کی خصوصی ٹیمیں لاپتہ سیاحوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں، تاہم شدید برف باری، دھند اور مشکل ترین پہاڑی راستوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید رکاوٹیں پیش آ رہی ہیں۔ حکام کی جانب سے متاثرہ علاقے میں ریسکیو ٹیموں کو مزید متحرک کر دیا گیا ہے۔

