سری نگر (بے نقاب نیوز)
ممتاز ماہرِ ارضیات اور ریموٹ سینسنگ کے ماہر پروفیسر اوتار سنگھ جسروٹیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں شیش ناگ جھیل کے قریب جاری سڑک اور ٹریک کی توسیع کا منصوبہ خطے کے حساس گلیشیئرز اور ماحولیاتی نظام کے لیے شدید خطرہ ثابت ہو سکتا ہے۔شیش ناگ جھیل کے اطراف بھاری مشینری اور کھدائی کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر جسروٹیہ نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں بھی گلیشیئرز کے قریب انسانی مداخلت اور تعمیراتی سرگرمیاں بڑھتی ہیں، وہاں برفانی تودوں پر غیر معمولی دباؤ پڑتا ہے۔ ان کے مطابق بلند پہاڑی و برفانی علاقوں کا ماحولیاتی توازن انتہائی نازک ہوتا ہے اور وہاں بھاری مشینری کا بے دریغ استعمال مستقبل میں سنگین ماحولیاتی مسائل کو جنم دے سکتا ہے۔پروفیسر اے ایس جسروٹیہ نے حکام پر زور دیا کہ اس نازک خطے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے متوازن اور احتیاطی اقدامات اپنائے جائیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ علاقے میں ایک وقت میں انسانی رش اور بوجھ کو محدود رکھا جائے، جبکہ ماحولیاتی ادارے اور سائنس دان اس خطے کی مسلسل نگرانی جاری رکھیں تاکہ کسی بھی ناقابلِ تلافی ماحولیاتی نقصان سے بروقت بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شیش ناگ جھیل کے قریب امرناتھ یاترا کے راستے کو چوڑا کرنے کے لیے بھاری ایکسکیویٹر مشینوں کے استعمال کی ویڈیوز منظرِ عام پر آنے کے بعد مقامی سیاسی حلقوں، سماجی رہنماؤں اور ماحولیاتی ماہرین کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ یہ کام مقررہ حفاظتی ضوابط کے تحت کیا جا رہا ہے۔


