پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )

قصبہ کلیانہ کے مریم نواز ہیلتھ کلینک میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے سرکاری مراکزِ صحت کی کارکردگی اور ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں۔اطلاعات کے مطابق روڈ حادثے میں شدید زخمی ہونے والے ایک شخص کو فوری طبی امداد کے لیے قصبہ کلیانہ کے مریم نواز ہیلتھ کلینک منتقل کیا گیا، تاہم لواحقین کے مطابق ایمرجنسی کے وقت کلینک میں کوئی طبی عملہ موجود نہیں تھا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ مرکزِ صحت میں کمرے اور فرنیچر تو موجود تھے، لیکن ہنگامی صورتحال میں جان بچانے کے لیے درکار سہولیات اور عملہ غائب دکھائی دیا۔اس صورتحال پر لواحقین نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کی اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ تاہم مبینہ طور پر ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا، جب کلینک کے عملے نے تھانہ کلیانہ میں لواحقین کے خلاف درخواست جمع کرا دی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریض کے ہمراہ آنے والے افراد نے عملے کو سنگین دھمکیاں دیں، جس پر عملے نے خود کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کی استدعا کی۔
دوسری جانب لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں تھا، بلکہ سرکاری مرکزِ صحت میں موجود مبینہ انتظامی اور طبی غفلت کو بے نقاب کرنا مقصود تھا۔ لواحقین کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والا شخص دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
اس واقعے کے بعد سب سے اہم سوال یہ ہے کہ اگر ہیلتھ کلینک میں عملہ موجود تھا تو شدید زخمی کو بروقت طبی امداد کیوں نہ ملی، اور اگر عملہ غیر حاضر تھا تو ایمرجنسی ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی عدم موجودگی کا ذمہ دار کون ہے؟
لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ الزامات اور جوابی الزامات کی حقیقت جاننے کے لیے کلینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج فوری طور پر حاصل کی جائے، ڈیوٹی روسٹر اور حاضری ریکارڈ کا جائزہ لیا جائے، اور غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے۔ لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری صحت، کمشنر ساہیوال، بالخصوص ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا اور سی ای او ہیلتھ سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور غفلت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی و محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ عوام کے بنیادی حقِ علاج اور سرکاری اداروں کی جواب دہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

