میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ انگلش اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فل سالٹ پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہو گئے، تاہم کپتان ہیری بروک نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے محض 28 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ ٹام بینٹن نے 39، جارڈن کاکس نے 27 اور سیم کرن نے 21 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نکھل چودھری اور جیک ایڈورڈز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بین ڈوارشئیس، رلے میریدتھ، جوئل ڈیویس اور ایڈم زمپا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 19.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنا کر فتح اپنے نام کی۔ جیک فریزر میکگرک صرف 1 رن پر آؤٹ ہوئے، لیکن ڈیبیو کرنے والے سیم ہارپر نے 15 گیندوں پر 32 رنز اور کپتان مچل مارش نے 37 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا۔ نکھل چودھری نے 38 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 66 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 20 اور جیک ایڈورڈز نے 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 25 رنز بنا کر آخری اوور میں ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔ انگلینڈ کی طرف سے ول جیکس نے 2 وکٹیں لیں جبکہ لیام ڈاوسن، عادل راشد، سیم کرن، جیمی اوورٹن اور ڈیبیو کرنے والے ہینری کروکومبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار آل راؤنڈ کارکردگی (66 رنز اور 2 وکٹیں) پر نکھل چودھری کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 24 نومبر کو کرارا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

