لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور نے غیر قانونی کال سینٹرز اور بیرونِ ملک شہریوں کو آن لائن دھوکہ دہی کا نشانہ بنانے والے نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر واقع لنک آرکیڈ پلازہ میں قائم ایک غیر قانونی موبلٹی/ٹیلی مارکیٹنگ کال سینٹر پر چھاپہ مارا اور 6 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق مذکورہ کال سینٹر سے برطانیہ کے شہریوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ملزمان خود کو برطانیہ کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں ٹیسکو (Tesco)، ووڈافون (Vodafone) اور او ٹو (O2) کے نمائندے ظاہر کر کے شہریوں کو جعلی موبائل اپ گریڈز، سم اونلی پیکجز اور پرکشش نیٹ ورک ڈیلز کا جھانسہ دے کر ان سے مبینہ مالی فراڈ کر رہے تھے۔
این سی سی آئی اے کی ٹیم نے چھاپے کے دوران ملزمان کو جدید ڈائلر سافٹ ویئر کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کو دھوکہ دہی پر مبنی کالز کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں حراست میں لیا۔ کارروائی کے دوران موقع سے 3 لیپ ٹاپ، 8 کمپیوٹر سی پی یوز، 2 موبائل فونز اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق اہم ڈیجیٹل ڈیٹا قبضے میں لے کر فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران اس نیٹ ورک کو چلانے والے دو مبینہ سہولت کاروں کے کردار کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ملزم بلال جٹ پر کال سینٹر کے لیے خواتین اسٹاف اور کمپیوٹر آلات فراہم کرنے جبکہ علی رضا پر ڈائلر سافٹ ویئر، برطانوی صارفین کا ذاتی ڈیٹا اور فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم منتقل کرنے کے ذرائع مہیا کرنے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے والے غیر قانونی کال سینٹرز اور سائبر فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
برطانوی شہریوں کو لوٹنے والا غیر قانونی کال سینٹر بے نقاب؛ ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر چھاپہ، 6 خواتین سمیت 8 ملزمان گرفتار

