پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانے اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ کی بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آصف رضا کی ہدایات اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رافعہ قیوم کی زیرِ نگرانی محکمہ ریونیو کے عملے اور پیرا فورس (PERA Force) نے دو مختلف مواضعات میں مؤثر آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 48 ایکڑ (384 کنال) قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرا لی، جس کی تخمینہ مالیت 13 کروڑ 25 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔کارروائی کے دوران موضع چک محمد پور جاگیر میں 12 ایکڑ جبکہ موضع چک ڈھکو چشتی میں 36 ایکڑ زرعی و قیمتی سرکاری اراضی کو ناجائز قابضین کے چنگل سے مکمل طور پر آزاد کرایا گیا۔ حلقہ پٹواری اور متعلقہ ریونیو عملے نے پیرا فورس کے تعاون سے واگزار کرائی گئی تمام 384 کنال اراضی محکمہ ریونیو کی تحویل میں لے لی ہے، جبکہ سرکاری ملکیت کی واضح نشاندہی کے لیے موقع پر سرکاری تختی بھی نصب کر دی گئی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف رضا کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی قومی اثاثہ اور عوام کی امانت ہے، جس پر ناجائز قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے پاک کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو سخت ہدایت جاری کی کہ واگزار شدہ اراضی کی مستقل حفاظت اور نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں دوبارہ کسی قسم کے ناجائز قبضے کی کوشش نہ ہو، اور قبضہ مافیا کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔



