سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے تحصیل پسرور کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ دورے کے دوران انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چونڈہ، گورنمنٹ ہائی سکول مالی پور، امن چوک پسرور سٹی اور ہسری برج کی بحالی و تزئین و آرائش کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چونڈہ کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز سمیت دیگر عملے کی حاضری کو چیک کیا۔ انہوں نے او پی ڈی، فارمیسی، ایمرجنسی، پیتھالوجی اور ریڈیالوجی کے شعبوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور صحت کے شعبے میں خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ عملے کی بروقت حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ ہائی سکول مالی پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کا جائزہ لیا اور تدریسی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے سکول میں بنیادی سہولیات، تعلیمی ماحول اور انتظامی امور کا معائنہ کرتے ہوئے اساتذہ کی باقاعدگی اور طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کی سخت ہدایت کی۔


