واشنگٹن:
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کو سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں میں شکست کا سامنا کرنے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جماعت کے اندر قیادت کے خلاف کھلی بغاوت شروع ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ریپبلکن نیشنل کمیٹی (RNC) کے کئی اراکین نے ٹرمپ کے نامزد کردہ چیئرمین جو گروٹرز (Joe Gruters) کو عہدے سے ہٹانے کے لیے مہم شروع کر دی ہے۔
بغاوت کا آغاز اور وجوہات خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس (AP) کے مطابق، 3 نومبر کے انتخابات میں ٹیکساس، ساؤتھ کیرولائنا اور مسیسیپی جیسے ریپبلکن پارٹی کے روایتی گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں بھی شکست کے بعد پارٹی اراکین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انتخابات کے محض دو روز بعد کمیٹی کی نائب سربراہ کے سی کروسبی (KC Crosbie) نے ایک خط کے ذریعے جو گروٹرز کے مقابلے میں چیئرمین شپ کا انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔
کے سی کروسبی نے اپنے خط میں وسط مدتی انتخابات کے نتائج کو "سنگین دھچکا” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو اپنی ناکامیوں کا ایمانداری سے جائزہ لینا ہوگا اور نئی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ باغی اراکین کا مؤقف ہے کہ موجودہ قیادت انتخابی مہم میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے، جبکہ کمیٹی کے فنڈز کے استعمال (بشمول میک اپ، ہیئر اسٹائلنگ اور مہمان نوازی کے اخراجات) پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ٹینیسی سے کمیٹی کے رکن آسکر بروک نے پی بی ایس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا کام محض ایک شخص کی ہر بات پر ہاں میں ہاں ملانا نہیں بلکہ وسیع تر بنیادوں پر ریپبلکن امیدواروں کو جتوانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، وائٹ ہاؤس کو پیشگی اطلاع دیے بغیر قیادت کو چیلنج کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے قریبی مشیر شدید برہم ہیں۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 6 نومبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر کمیٹی اراکین نے ان کے نامزد کردہ چیئرمین کے خلاف بغاوت جاری رکھی تو وہ ریپبلکن نیشنل کمیٹی کے لیے چندہ اکٹھا کرنا (Fundraising) بند کر دیں گے اور پارٹی کو انتخابی مہمات میں اپنا نام یا تصویر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
اس کے ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جو گروٹرز کو "ماگا وارئیر” (MAGA Warrior) قرار دیتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب جو گروٹرز کے حامیوں اور نیواڈا ریپبلکن پارٹی کے چیئرمین مائیکل میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پارٹی کے قائد ہیں اور روایت کے مطابق صدر کو اپنی مرضی کا پارٹی چیئرمین منتخب کرنے کا حق حاصل ہے۔ جو گروٹرز نے بھی فنڈز کے استعمال پر اٹھنے والے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اقدامات سے پارٹی کو لاکھوں ڈالر کے نئے عطیات حاصل ہوئے ہیں۔
تاہم، باغی دھڑے میں شامل رہوڈ آئی لینڈ کی رکن سو سینکی کا کہنا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے دباؤ یا انتقامی کارروائی سے مرعوب نہیں ہوں گی، کیونکہ یہ کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری جماعت کی تنظیم ہے اور اس کی قیادت کا فیصلہ انتخاب کے ذریعے ہونا چاہیے۔ ریپبلکن نیشنل کمیٹی کی قیادت کا یہ باقاعدہ انتخاب آئندہ سال جنوری 2027 میں ایریزونا میں ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔

