واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان کے سبکدوش ہونے والے ریپبلکن رکن تھامس میسی (Thomas Massie) نے بدنامِ زمانہ جیفری ایپسٹین سے متعلق خفیہ دستاویزات کو مکمل طور پر منظرِ عام پر لانے کے لیے ایک نیا بل ایوان میں ووٹنگ کے لیے پیش کرنے کی غرض سے مطلوبہ 218 ارکان کے دستخط حاصل کر لیے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب محض ایک روز قبل ہی ساتھی ریپبلکن ارکان نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ (Pete Hegseth) کے مواخذے کی تھامس میسی کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔
تھامس میسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اعلان کیا کہ ’ایپسٹین فائلز ٹرانسپیرنسی ایکٹ ٹو‘ (Epstein Files Transparency Act II) کے لیے ان کی ڈسچارج پٹیشن پر 218 دستخط مکمل ہو گئے ہیں، جن میں آخری دستخط کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹ رکن جان گارامینڈی نے کیے۔
رپورٹس کے مطابق اس پٹیشن پر دستخط کرنے والوں میں تھامس میسی سمیت صرف 4 ریپبلکن ارکان (نینسی میس، رالف نارمن اور برائن فٹزپیٹرک) شامل ہیں، جبکہ باقی 214 دستخط ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان نے کیے ہیں۔
میسی کا کہنا ہے کہ وہ اس بل کو جلد ایوان میں ووٹنگ کے لیے لانے کی خاطر ڈیموکریٹ ارکان پراميلا جیاپال، ٹریسا لیگر فرنانڈیز اور رو کھنہ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
گزشتہ برس نومبر 2025 میں کانگریس نے ایپسٹین فائلز کے اجرا کے لیے بھاری اکثریت (427-1) سے ایک بل منظور کیا تھا، جس پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دستخط بھی کیے تھے۔ اس قانون کے تحت محکمہ انصاف (DOJ) کو دسمبر 2025 تک تمام ریکارڈ جاری کرنا تھا، تاہم محکمے نے مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد جنوری میں تقریباً 35 لاکھ صفحات پر مشتمل دستاویزات جاری کیں۔
تاہم، متاثرین اور قانون سازوں کا الزام ہے کہ محکمہ انصاف نے مبینہ شریکِ جرم افراد کے نام چھپانے کے لیے دستاویزات میں غیر ضروری قطع و برید کی اور اہم ریکارڈ روک لیا۔
منگل کو ریپبلکن قیادت والی ہاؤس اوورسائٹ کمیٹی کی رپورٹ میں بھی دستاویزات کے اجرا کے طریقہ کار پر تنقید کی گئی، تاہم کمیٹی نے واضح کیا کہ تحقیقات میں صدر ٹرمپ کے ایپسٹین کے جرائم میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
مجوزہ نئے بل کے تحت متاثرین، ریاستی پراسیکیوٹرز اور قانون سازوں کو یہ قانونی اختیار مل جائے گا کہ وہ مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر روکی گئی دستاویزات کے حصول کے لیے محکمہ انصاف پر مقدمہ دائر کر سکیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان لارن بِس نے ایک بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ ایپسٹین سے متعلق ہر معاملے میں مکمل طور پر بری الذمہ قرار پا چکے ہیں اور ہزاروں صفحات پر مشتمل دستاویزات جاری کر کے اور تحقیقات کا مطالبہ کر کے صدر ٹرمپ نے متاثرین کے لیے ماضی کی کسی بھی حکومت سے زیادہ کام کیا ہے۔ اسپیکر مائیک جانسن کے دفتر نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق دسمبر کے اوائل میں ایوانِ نمائندگان میں اس بل پر ووٹنگ کا امکان ہے، تاہم جنوری میں نئی کانگریس کے حلف اٹھانے سے قبل سینیٹ کی ریپبلکن قیادت کی جانب سے اس بل کو زیرِ غور لانے کے امکانات غیر یقینی ہیں۔

