میاں چنوں (بینقاب نیوزرپورٹر: عاصم کمال)
میاں چنوں کے علاقے گرین فورٹ مدنی چوک میں بجلی کے پول میں کرنٹ آنے کے باعث غریب چرواہے کا قیمتی بیل ہلاک ہو گیا، جس سے متاثرہ چرواہے کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بجلی کے پول میں کرنٹ آنے کے حوالے سے متعدد بار میپکو حکام اور متعلقہ فیلڈ عملے کو شکایات درج کروائی گئیں، تاہم محکمہ کی طرف سے تاحال کوئی شنوائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کھلے عام غفلت کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بڑا جانی حادثہ پیش آ سکتا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ متعلقہ محکمے کے اہلکار کسی بڑے سانحے کے منتظر ہیں۔
متاثرہ شہریوں اور اہل علاقہ نے میپکو کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، بجلی کے پول میں دوڑنے والے کرنٹ کو فی الفور ختم کرنے اور اس غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی انسانی جان کا قیمتی ضیاع روکا جا سکے۔


