ہنگورجہ (رپورٹ: فیاض محسن سولنگی)
ہنگورجہ کے قریب گاؤں کینجھر منگنیجو کے رہائشیوں (جاوید، الہڈنو، بزرگ وارث منگنیجو اور دیگر مرد و خواتین) نے بااثر افراد اور سوڀوديرو پولیس کے مبینہ مظالم کے خلاف سٹی پریس کلب ہنگورجہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پرانے رشتہ داری کے تنازع پر گزشتہ ماہ بااثر افراد (سبحان، طالب اور علی محمد منگنیجو) نے مبینہ طور پر ان کے 8 سالہ معصوم بچے میانداد کو گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد لاش مچھلی کے تالاب میں پھینک دی اور فرار ہوگئے۔ اس لرزہ خیز واقعے کا مقدمہ نامزد ملزمان کے خلاف درج کرایا جا چکا ہے۔متاثرہ خاندان نے مزید الزام لگایا کہ جب عدالت سے ملزمان کی ضمانت مسترد ہوئی تو بااثر ملزمان (منیر، فدا، لیاقت، نثار منگنیجو اور دیگر افراد) نے غصے میں آکر گزشتہ روز مسلح حالت میں ان کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔ حملہ آوروں نے خواتین اور معصوم بچوں پر ڈنڈوں اور کلہاڑیوں سے وحشیانہ وار کیے، تاہم شور شرابے اور چیخ و پکار پر پورا گاؤں جمع ہوگیا، جسے دیکھ کر حملہ آور موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔مظاہرین نے اعلیٰ حکام کو مخاطب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ:آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور اس سنگین واقعے کا فوری نوٹس لیں۔معصوم بچے کے قتل اور گھروں پر حملے میں ملوث تمام نامزد ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔متاثرہ غریب خاندان کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔


