میاں چنوں (بیورو رپورٹ / عاصم کمال)
میاں چنوں کے نواحی گاؤں 45 پندرہ ایل میں گھریلو تنازع پر سسرالیوں کی جانب سے خاتون پر انسانیت سوز تشدد کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ملزمان نے مبینہ طور پر عاصمہ بی بی نامی خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے بازوؤں اور پاؤں کی انگلیاں توڑ دیں جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر شدید زخم لگائے گئے۔متاثرہ خاتون کے مطابق، درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سسرالیوں نے دورانِ تشدد اس کے معصوم بچوں کو بھی اس سے چھین لیا۔ اطلاعات کے مطابق شدید زخمی اور نیم بے ہوشی کی حالت میں عاصمہ بی بی کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں منان یاسین، ساجد اور یونس سمیت ایک درجن سے زائد افراد مبینہ طور پر اس ظلم میں ملوث ہیں۔اس بہیمانہ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ متاثرہ خاتون کے ورثا اور اہل خانہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر نامزد ملزمان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے اور مظلوم خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے۔


