سیالکوٹ:بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوا ن شیخو
سیالکوٹ میں ملکھانوالہ نہر کے قریب سے گھر سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے نوجوان کی موٹر سائیکل مل گئی ہے، تاہم نوجوان کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔تفصیلات کے مطابق، ساگر نامی نوجوان ملکھانوالہ نہر کے پل سے گاؤں کوٹ دڑا کی طرف جاتے ہوئے مبینہ طور پر لاپتہ ہو گیا تھا۔ موٹر سائیکل نہر کے کنارے سے برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور نہر میں نوجوان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے غوطہ خوروں کی مدد سے نہر کے پانی میں نوجوان کی تلاش جاری ہے، تاہم خبر لکھے جانے تک نوجوان زندہ یا مردہ حالت میں نہیں مل سکا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور اصل وجوہات کا تاحال تعین نہیں ہو سکا ہے، معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور سرچ آپریشن کے نتائج اور مزید شواہد سامنے آنے کے بعد ہی حتمی حقائق معلوم ہو سکیں گے۔


