قاضی احمد سے سائیں بخش لاکھو کی رپورٹ
قاضی احمد بائی پاس پر مبینہ دوسرا غیر قانونی ٹول پلازہ دوبارہ شروع کرنے کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) تعلقہ قاضی احمد کی جانب سے دوسرے روز بھی ٹول پلازہ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔ دھرنے کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی جبکہ سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔اس موقع پر قربان مہڑ وسیم میر جت، ایم ایس لاکھو، مصطفیٰ گھلو، میر خالد چانڈیو اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پولیس کی سرپرستی میں دوبارہ مبینہ غیر قانونی ٹول پلازہ شروع کرکے گاڑيوں سے زبردستی ٹول ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے، جو غیر قانونی عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کی پولیس بائی پاس کے دونوں اطراف اہلکار تعینات کرکے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو روک رہی ہے اور انہیں زبردستی بائی پاس کی جانب ٹول پلازہ سے گزارا جا رہا ہے، جس کے باعث ڈرائیوروں اور مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔احتجاجی رہنماؤں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مبینہ غیر قانونی ٹول پلازہ کا فوری نوٹس لے کر اسے ختم کیا جائے اور گاڑیوں سے زبردستی ٹول ٹیکس وصولی بند کرائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

