خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے): خوشاب کے ایک اور قابل فخر سپوت نے منفرد اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ملک سنوید کلو نے برطانیہ کی معروف درسگاہ "دی یونیورسٹی آف لاء یو کے” سے ایل ایل ایم (LL.M) کی ڈگری حاصل کر لی ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی طرف سے شدید خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ملک سنوید کلو خوشاب کے گاؤں بلند کی معروف و معزز زمیندار کلو فیملی کے چشم و چراغ اور نامور سینیئر قانون دان ملک محمد اقبال کلو کے صاحبزادے ہیں۔
اس موقع پر فخرِ خوشاب ملک سنوید کلو کا کہنا تھا:
"میری پے در پے شاندار کامیابیاں اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم، میرے والدین کی دعاؤں اور اساتذہ کرام کی محنتِ شاقہ کی مرہونِ منت ہیں۔ انشاءاللہ! مزید شاندار کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر اپنے خاندان اور علاقے کا نام روشن کروں گا۔”
دریں اثناء، ملک سنوید کلو کے والد محترم اور ممتاز سینیئر قانون دان ملک حاجی محمد اقبال کلو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"یہ میری زندگی کے خوشی اور فخر کے یادگار ترین دنوں میں سے ایک دن تھا، جب مجھے اپنے بیٹے کی تقریبِ تقسیمِ اسناد میں شرکت کا شرف حاصل ہوا۔ میرے بیٹے نے اپنی تمام تر ذمہ داریاں نہایت عمدگی اور کامیابی کے ساتھ نبھاتے ہوئے نہ صرف میرا بلکہ پورے کلو خاندان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ میرے بیٹے کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور زندگی کے ہر میدان میں مزید کامیابیوں، کامرانیوں اور عزت و سربلندی سے نوازے۔”

