پاکپتن(رپورٹ:اکرام حسین شاہ )
پاکپتن شہر میں ٹریفک قوانین کی موثر عملداری اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن مسلسل جاری ہے۔ ماہ اکتوبر کے دوران ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ڈی ایس پی ٹریفک عبدالمجید بھٹی کے مطابق، گزشتہ ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 32 لاکھ 32 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس دوران قوانین توڑنے والی کل 7 ہزار 354 گاڑیوں کے چالان کیے گئے،
جبکہ ضابطے کی خلاف ورزی پر 3 ہزار 240 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں۔ علاوہ ازیں، قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے گاڑیوں کے مالکان کے خلاف 22 مقدمات بھی درج کیے گئے۔
ڈی ایس پی ٹریفک عبدالمجید بھٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کسی بھی مہذب معاشرے اور شہریوں کی اپنی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے شہریوں بالخصوص موٹر سائیکل سواروں پر زور دیا کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال لازمی بنائیں، دوران ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ باندھیں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے مکمل گریز کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں بغیر کسی امتیاز کے جاری رہیں گی۔







