دبئی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو (ICC Men’s Cricket World Cup League 2) کے ایک اہم ایک روزہ (ODI) میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ فاتح ٹیم نے میچ میں شاندار آل راؤنڈ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سائیڈ کو قابو میں رکھا۔
آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں نیدرلینڈز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے عمان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ عمان کی پوری ٹیم نیدرلینڈز کے نپی تلی بولنگ اٹیک کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ 49.2 اوورز میں 182 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔عمان کی جانب سے:مجیب عمران علی نے 44 رنز (78 گیندیں) کی اننگز کھیلی۔کپتان ونایک شکلا نے 38 رنز کا یعاون کیا۔جتیندر سنگھ نے 30 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے کولن ایکرمین (Colin Ackermann) نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 23 رنز دے کر عمان کے 4 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی (Player of the Match) قرار پائے۔ اس کے علاوہ کائیل کلائین اور شاریز احمد نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
عمان کی جانب سے دیا جانے والا 183 رنز کا ہدف نیدرلینڈز نے محض 36 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر آسانی سے حاصل کر لیا۔سیڈرک ڈی لینج نے ذمہ دارانہ اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سے 79 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔زک لائن کیچٹ نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 68 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔میکس اوڈوڈ نے 29 رنز کا اضافہ کیا۔عمان کے بولرز ڈچ ٹیم کو روکنے میں ناکام رہے اور صرف ندیم خان ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی نیدرلینڈز نے ٹورنامنٹ میں ایک اور اہم فتح اپنے نام کر لی ہے۔

