دیر بالا (ڈسٹرکٹ رپورٹر سدیس شیخ)
ریجنل پولیس آفیسر (RPO) ملاکنڈ زاہد نواز مروت کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) دیر بالا اسلم نواز نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ علاقہ جاگام کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کرپاٹ اور سیڑھی کے مابین جنگل کے تنازعے کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی پی او دیر بالا کی قیادت میں پولیس ٹیم نے علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے اور پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے موثر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز انجام دیے۔
کارروائی کے دوران جدید ڈرون کیمروں کی مدد سے پورے علاقے کی فضائی نگرانی بھی کی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او کے ہمراہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر سید زمان شاہ خان، ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان، اسسٹنٹ کمشنر واڑی، متعلقہ ایس ایچ اوز، ایلیٹ فورس اور پولیس کے چاق و چوبند دستے موجود تھے۔
ڈی پی او اسلم نواز نے اس موقع پر واضح کیا کہ ضلعے میں قانون کی بالادستی اور امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے یا علاقائی امن کو خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اور امن و امان کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
علاقے کے معزز مشران نے امن کے قیام اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس کی اس بروقت اور فعال کوششوں کو بھرپور انداز میں سراہا اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔





