بھوپال:بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع دیواس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر شراب مافیا کی دلیری کا ایک اور ہولناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں غیر قانونی شراب کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کرنے والے کھاتے گاؤں (Khategaon) تھانہ کے انچارج دلیپ پوری کو اسمگلروں کے ٹرک نے کچل کر ہلاک کر دیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شب تقریباً ڈیڑھ بجے اندور-بیتول شاہراہ پر پولیس کو غیر قانونی شراب کی نقل و حرکت سے متعلق خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج دلیپ پوری اپنی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور شاہراہ پر کھڑی ایک مشتبہ آئشر گاڑی (ٹرک) کو گھیر لیا۔
جب پولیس افسر نے ڈرائیور کو نیچے اترنے کا حکم دیا تو گھبراہٹ میں اسمگلر نے گاڑی روکنے کے بجائے اسے ڈیوائیڈر پر چڑھاتے ہوئے تیزی سے آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ اس افراتفری کے دوران ٹرک کا پچھلا پہیہ براہ راست تھانہ انچارج دلیپ پوری کے اوپر سے گزر گیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واردات کے بعد ملزمان ٹرک کو کچھ دور چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے موقع سے فرار ہونے والی آئشر گاڑی کو قبضے میں لے کر جب تلاشی لی تو اس میں سے 208 بکسوں میں بھری تقریباً 1,800 لیٹر غیر قانونی انگریزی شراب برآمد ہوئی۔ پولیس نے اس معاملے کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) تشکیل دے دی ہے اور مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

