قاضی احمد (رپورٹ: سائین بخش لاکھو)
قاضی احمد میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی تجاوزات اور ناجائز قبضوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد میاں سعود بن منعم اور ٹاؤن آفیسر سید راجا شاہ کی سربراہی میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا۔ پولیس اور انکروچمنٹ عملے کی مدد سے مین روڈ کے دونوں اطراف قائم سینکڑوں غیر قانونی تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔آپریشن کے دوران دکانوں کے سامنے بنائے گئے تھڑے، عارضی اسٹالز، کیبن، مرغیوں کے پنجرے، ریڑھیاں، رکشے، سبزی، فروٹ اور مچھلی کے ٹھیلے، چھپر اور دیگر رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ اس موقع پر ٹاؤن انتظامیہ نے سخت وارننگ دی کہ آئندہ کسی کو بھی تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔دوسری جانب، آپریشن کی زد میں آنے والے سبزی، فروٹ اور مچھلی فروشوں سمیت چھوٹے دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دہائیاں دی ہیں۔ متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے ان کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ غریب اور محنت کش طبقے کے لیے روزگار کا متبادل بندوبست بھی کیا جائے۔دلچسپ اور تشویشناک امر یہ ہے کہ انتظامیہ کے اہلکار جیسے ہی آپریشن کے بعد واپس روانہ ہوئے، مبینہ طور پر انہی مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا، جس سے اس پوری کارروائی کی افادیت پر شدید سوالیہ نشان لگ گئے ہیں۔شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف عارضی آپریشن کیا جاتا ہے اور دوسری طرف چند لمحوں میں دوبارہ قبضے بحال ہو جاتے ہیں، جو کہ انتظامی کارروائی کے تسلسل اور قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے۔ شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے محض خانہ پوری یا عارضی کارروائی کے بجائے مستقل بنیادوں پر پائیدار اقدامات کیے جائیں، فٹ پاتھوں کو مکمل کلیئر رکھا جائے اور چھوٹے دکانداروں کے مسائل کا منصفانہ حل نکالا جائے۔

