خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے کی۔ریلی میں ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ سول ڈیفنس، دیگر سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، طلباء، صحافیوں، میڈیا نمائندگان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر خرم حمید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خوشاب غزالہ کنول، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب امت السلام، ڈسٹرکٹ انچارج پیرا فورس امان اللہ گوندل اور سی ای او میونسپل کمیٹی جوہرآباد سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
ریلی ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس سے شروع ہو کر امیر میڈیکل کمپلیکس چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر، ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یومِ سیاہ کشمیر منانے کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنا، عالمی برادری کی توجہ اس دیرینہ مسئلے کی جانب مبذول کرانا اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرنا ہے۔
ریلی کے اختتام پر ملکِ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔


