مٹیاری رپورٹ (عامر علی انڑ)
مذہبی رواداری، بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال پیش کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ضلع مٹیاری کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایک دلخراش حادثے میں جاں بحق ہونے والے کولہی برادری کے پانچ مرد و خواتین کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان سے دلی دکھ و ہمدردی کا اظہار کیا۔
وفد میں بزنس فورم مٹیاری کے صدر، جے یو آئی تعلقہ ہالا کے امیر حاجی صاحب ڈنو وریاہ، تعلقہ سعیدآباد کے امیر مولانا شیراز میمن، جنرل سیکریٹری سائیں الہڈنو سومرو، نائب امیر سعیدآباد مولانا عباس جمالی، ضلعی سالار حاکم کاکا، ٹیچرز فورم کے صدر مولانا ناصرالدین پٹھان، یونٹ پرانے سعیدآباد کے امیر قاری غلام مصطفیٰ جکھرو، میڈیا کوآرڈینیٹر تنویر شیدی اور ایس ٹی پی سعیدآباد کے رہنما ملہار شیدی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران وفد کے اراکین نے سوگوار خاندانوں کو ڈھارس بندھائی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے کولہی برادری کے افراد کے غریب اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ اس کڑے وقت میں معاشی مشکلات پر قابو پا سکیں۔




