دیر بالا (ڈسٹرکٹ رپورٹر سدیس شیخ)
دیر بالا کے علاقے واڑی میں جامعۃ العلوم الاسلامیہ واڑی کے زیرِ اہتمام ختم القرآن کی ایک نہایت ہی پروقار اور بابرکت تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا بنیادی مقصد قرآنِ کریم حفظ کرنے والے اور دینی علوم کی تکمیل کرنے والے فارغ التحصیل طلباء کی حوصلہ افزائی کرنا اور ان کی دستار بندی کرنا تھا۔
تقریب میں علمائے کرام، دینی شخصیات، طلباء کے والدین اور اہلِ علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرنے والے اہم مہمانوں میں خطیب جامع مسجد تھانہ واڑی حضرت مولانا عبد الرشید صاحب، جمعیت علمائے اسلام تحصیل واڑی صاحب آباد زون کے امیر مولانا سبز علی صاحب، مہتمم قاری حضرت اللہ، مولانا حیات اللہ دیوبندی، قاری نیاز بہادر اور قاری حضرت علی صاحب شامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطابات میں قرآنِ کریم کی تعلیم، دینی علوم کے فروغ اور نئی نسل کی اسلامی خطوط پر تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دینی تعلیم ہی معاشرے میں اخلاقی اقدار اور امن و سکون کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر قراآنِ مجید کی تکمیل کرنے والے لائق اور ہونہار طلباء کی دستار بندی کی گئی، اور ان کی دینی خدمات، روشن مستقبل اور کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔


