سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ اور ممبر صوبائی اسمبلی چودہری فیصل اکرام نے گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مفت ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہ راست گفتگو کر کے ہسپتال کے نظام اور سہولیات کے حوالے سے ان کی رائے بھی معلوم کی۔صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے ہسپتال کی فارمیسی، مختلف وارڈز اور او پی ڈیز کا معائنہ کیا جبکہ ہسپتال میں جاری تزئین و آرائش اور بحالی کے کاموں کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور علاج کے دوران انہیں کسی بھی قسم کی غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کو بہترین اور معیاری طبی سہولیات کی دہلیز پر فراہمی کے لیے جامع اصلاحات متعارف کروائی ہیں۔ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر بلند کیا جائے، مفت ادویات کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہو اور عام آدمی کو صحت کی سہولیات کے حصول میں آسانی ہو۔ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے نام پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ طبی عملہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں خلوص، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دے۔ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا اور ان کی تکلیف کا بروقت ازالہ کرنا طبی عملے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات اور ادویات کی وافر دستیابی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مریضوں کو صحت مند ماحول اور بہترین طبی ماحول میسر آ سکے۔


