خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کے تحت تحصیل نورپور تھل میں ایک پروقار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع خوشاب عبدالماجد خان نے کی۔تقریب کے مہمانِان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی سردار ظفر عباس خان، ایم این اے انجینئر ملک گل اصغر خان بگھور کے کوآرڈینیٹر ملک گل داد خان اور اسسٹنٹ کمشنر نورپور تھل شازیہ رحمان تھیں۔ تقریب کے دوران کامیاب قرار پانے والے کسانوں میں ترقیاتی گرانٹس کے پے آرڈرز تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر کسانوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ فراہم کردہ گرانٹس کو اپنے الاٹ شدہ زرعی رقبوں کی ترقی، زمین کی پیداواری صلاحیت میں اضافے اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے خصوصی طور پر استعمال کریں، تاکہ زرعی پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کی آمدن میں بھی بہتری لائی جا سکے۔ تقریب کے دوران نقابت کے فرائض زراعت آفیسر رانا محمد رضوان نے بطریق احسن سرانجام دیے۔


