صوابی (حق نواز خان)
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری و سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو احتجاج، جلسے، جلوس اور دھرنے کا جمہوری حق حاصل ہے، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو اپنی آئینی و انتظامی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے صوبے کے درپیش اہم مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عطاء الحق درویش کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ یا سیاسی تحریک چلانا پارٹی قیادت کی ذمہ داری ہوتی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ کا بنیادی کام صوبائی حکومت کے امور چلانا ہے۔ صوبے میں تعلیم، صحت، زراعت اور امن و امان سمیت کئی اہم شعبے ہیں جن پر فوری اور مسلسل توجہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی نے اصولی فیصلہ کیا تھا کہ اگر پی ٹی آئی جمہوری اصولوں کے مطابق احتجاج کرے گی تو اخلاقی طور پر اس کی حمایت کی جائے گی۔ تاہم، موجودہ لانگ مارچ کے باعث جی ٹی روڈ اور موٹروے پر بندش سے عوام کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش نے تنبیہ کی کہ اگر صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ ہوتی ہے تو اس کی ذمہ داری صرف وفاق پر نہیں ڈالے جائے گی بلکہ صوبائی حکومت بھی اس میں برابر کی شریک سمجھی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو احتجاج کرنا ہے تو اسلام آباد جا کر دھرنا دے، خیبرپختونخوا کے اندر اس طرح کے احتجاج کا کوئی فائدہ نہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن رہنماؤں کو نظرانداز کیا ہے۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی رہنماؤں سے پوچھا گیا کہ یہ لانگ مارچ کس کے کہنے اور کس کی مشاورت سے شروع کیا گیا ہے، تو ان کے پاس ان سوالات کا کوئی واضح جواب نہیں تھا۔


