بھارتی تجزیہ کاروں اور سینئر صحافیوں نے مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے پاک فوج کے اہلکار کی شہادت کے گمراہ کن دعوے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔سینئر بھارتی صحافی اور ’دی پرنسپل انڈیا‘ کے ایڈیٹر اجے شکلا نے بھارتی ڈرامے کو بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بھارت میں خفیہ ایجنسیوں، عدالتوں اور فوج جیسے اہم ریاستی اداروں کو سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے مسلسل استعمال کیا جا رہا ہے۔اجے شکلا کے مطابق پلوامہ، پہلگام اور پٹھان کوٹ جیسے متعدد واقعات کا جھوٹا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر لگا کر سیاسی فائدے حاصل کیے گئے۔ پہلگام فالس فلیگ کے معاملے پر بھی پارلیمنٹ میں بحث کرانے کے بجائے فرضی انکاؤنٹرز میں دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کر کے معاملے کو دبانے کی کوشش کی گئی۔ اس بار مقبوضہ کشمیر میں سابق پاکستانی ایس ایس جی کمانڈو کی شہادت کا نیا ڈرامہ رچایا گیا، جس سے بھارت کو عالمی سطح پر شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارت کے پاس کسی بھی واقعے کے ثبوت موجود نہیں ہیں، اگر ہوتے تو وہ عالمی فورمز پر پیش کیے جاتے، لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔اجے شکلا نے انکشاف کیا کہ یہ تمام فالس فلیگ آپریشنز بھارتی وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھا اجیت دووال کروا رہا ہے، جبکہ بھارتی میڈیا بھی اجیت دووال کی ایما پر ہی من گھڑت بیانیے اور جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے۔
بھارتی فوج اورگودی میڈیا کا پاکستان مخالف گمراہ کن پروپیگنڈا ناکام

