اوسلو:سویڈن کی نوبیل کمیٹی نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ فرانس کے سائنس دان ہنری کگان اور جاپان کے کینسو سوائی کو 2026 کا نوبیل انعام برائے کیمسٹری دیا گیا ہے۔ دونوں سائنس دانوں کو یہ اعزاز ’’نان لینیئر ایفیکٹس اِن ایسِمیٹرک آرگینک سنتھیسس‘‘ کی دریافت پر دیا گیا ہے۔
کیمسٹری کی نوبیل کمیٹی کے چیئرمین ہائنر لنکے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا انعام کیمسٹری کی بنیادی نوعیت کی تحقیق سے متعلق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سے سالمات دو مختلف شکلوں میں پائے جاتے ہیں جو ایک دوسرے کا آئینہ دار دکھائی دیتے ہیں، لیکن ایک جیسے نہیں ہوتے۔
انہوں نے اس کی مثال انسانی ہاتھوں سے دی۔ دونوں ہاتھ ایک دوسرے کے آئینے کی طرح ہوتے ہیں، مگر انہیں اس طرح ایک دوسرے کے اوپر نہیں رکھا جا سکتا کہ وہ مکمل طور پر ایک جیسے نظر آئیں۔ ایسی خصوصیت رکھنے والے سالمات کو ’کائیرل‘ کہا جاتا ہے، جو یونانی زبان کے لفظ ’ہاتھ‘ سے نکلا ہے۔
کگان اور سوائی کی تحقیق کا تعلق اسی طرح کے پیچیدہ سالماتی عمل کو سمجھنے سے ہے، جس میں کیمیائی ردعمل کے دوران سالمات کی مخصوص ساخت اور ان کے باہمی اثرات اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ نوبیل کمیٹی کے مطابق ان کی دریافتیں کیمسٹری میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
2026 کے نوبیل کیمسٹری انعام کے دونوں فاتحین کو 10 دسمبر کو اسٹاک ہوم میں ہونے والی تقریب کے دوران سویڈن کے بادشاہ کارل شانزدہم گستاف، تمغے پیش کریں گے۔ یہ تقریب الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقع پر منعقد کی جاتی ہے، جس کے بعد اسٹاک ہوم سٹی ہال میں روایتی ضیافت بھی ہوگی۔
سویڈن کی نوبیل کمیٹی کی جانب سے اس انعام کے لیے مختص 12 ملین سویڈش کرونا کی انعامی رقم نوبیل انعام کے حق دار دونوں سائنس دانوں میں تقسیم ہوگی، یہ رقم تقریباً 12 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔
واضح رہے کہ سویڈن میں دیے جانے والے انعامات کے برعکس امن کا نوبیل انعام ناروے کے شہر اوسلو میں دیا جاتا ہے۔ یہ روایت نوبیل انعام کے بانی الفریڈ نوبیل کی وصیت کے بعد سے قائم ہے۔
الفریڈ نوبیل نے اپنی وصیت میں لکھا تھا کہ تمام انعامات کی تقسیم سویڈش کمیٹی جب کہ امن کا نوبیل انعام دینے کا اختیار ناروے کی ایک کمیٹی کو حاصل ہوگا۔
فرانس کے سائنس دان ہنری کگان اور جاپان کے کینسو سوائی نے کیمسٹری کا نوبیل انعام جیت لیا

