-
پیرا فورس تاجروں سے مناسب رویہ اختیار کرے، ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی: ڈاکٹر جہانزیب حُسین لابر
-
خوشاب (راجہ نور الٰہی عاطف سے):
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حُسین لابر کی زیرِ صدارت کانفرنس ہال میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹر) غزالہ کنول، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز) ذریاب ساجد، اسسٹنٹ کمشنر خوشاب اُمت السلام، ایس پی پنجاب پولیس سعید اللہ خان روکھڑی، آئی او پیرا فورس، ڈی ای او انڈسٹری محمد عبداللہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) عبدالماجد خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے پیرا رولز اینڈ لاز، موجودہ پیشرفت، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں، جرمانوں کی جمع شدہ رقم اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پیرا کے آئی او نے پیرا ایکٹ کے تحت درج کی جانے والی ایف آئی آرز، جرمانوں، تجاوزات کے خلاف کی گئی کارروائیوں اور آپریشنل مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حُسین لابر نے پیرا فورس کے افسران کو ہدایت کی کہ بازاروں میں انجمنِ تاجران، دکانداروں اور کاروباری افراد کے ساتھ مناسب اور خوش اخلاق رویہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات قائم کرنے اور ناجائز منافع کمانے والوں کے خلاف حکومتِ پنجاب کی پالیسی اور آرڈیننس کے مطابق بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات کا خاتمہ اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب کی زیرِ صدارت پیرا کا اہم اجلاس، تجاوزات اور گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت


