سیالکوٹ (رپورٹ: سلیم احمد اعوان)
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے پاکستان تحریک انصاف والے 27 ستمبر کو احتجاج نہ کریں، کیونکہ شنید یہ ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو 27 ستمبر سے آگے لے جانے کا عندیہ دے رہے ہیں۔ اگر وہ 27 ستمبر کو احتجاج کے لیے آئے تو یہ ان کا آنا آخری بار ہوگا اور اس کے بعد یہ باب ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عوام پاکستان تحریک انصاف کو رد کر چکی ہے اور پوری پاکستانی قوم کو ان سے نفرت ہو چکی ہے، اب ان کی تعداد محض "ٹانگے کی سواریاں” جتنی رہ گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا، لیکن یہ صرف چند دن کی بات ہے اور جلد ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ جائے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا ہے کیونکہ پارٹی قیادت عوام کی حقیقی ہمدرد ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دورِ اقتدار میں عوام کو ذلیل و رسوا کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ مہنگائی پی ٹی آئی کے دور میں ہی بڑھی اور پوری قوم اس کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔ تاہم بہت جلد پاکستان معاشی لحاظ سے ترقی کرے گا اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔
انھوں نے مخالفین کو جواب دیتے ہوئے کہا: "ہمیں فارم 47 کی پیداوار کہا جاتا ہے، لیکن ایک بات یاد رکھیں کہ اللہ جسے چاہے عزت دے، اور اللہ نے ہمیں عزت دی ہے، اس میں فارم 47 کا کیا تعلق؟”
خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے پاکستان محفوظ ہے کیونکہ اس نے ملک کی سلامتی میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔ پاک فوج کو برا بھلا کہنے اور گالیاں دینے والوں کے دن اب تھوڑے رہ گئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

