کراچی :ملک بھر میں آج سونے کی قیمتوں میں 5 روز کی مسلسل کمی کے بعد بڑا اضافہ ہوا ہے، جہاں فی تولہ سونا 4،700 روپے اور 10 گرام سونا 4،029 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جمعے کے روز پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آج 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 53 ہزار 036 روپے کی سطح پر آ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4 ہزار 029 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 88 ہزار 404 روپے مقرر ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، عالمی سطح پر سونے کی قیمت 47 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 305 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فی تولہ چاندی کی قیمت 126 روپے بڑھکر 6963 روپے ہوگئی۔

