پشاور (انورزیب خان)
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کی۔
نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد چیف سیکرٹری آفس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی گئی اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے آج سرکاری تنصیبات، بالخصوص جامع مساجد کو نشانہ بنانے کی دھمکی کے تناظر میں وزیراعلیٰ کا سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنا دہشت گردی کے خلاف حکومت کے عزم اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوششوں کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"دہشت گرد ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ خیبر پختونخوا کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔ دہشت گردی کا ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔”


