چکوال:( مہتاب نصیر اعوان سے)
ڈپٹی کمشنر چکوال کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چکوال (انفورسمنٹ) اور ایس ڈی ای او پیرا فورس چکوال کی زیرِ نگرانی پیرا فورس چکوال کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
پیرا فورس کی ٹیموں نے چھپڑ بازار، ہسپتال روڈ، تلہ گنگ روڈ اور پنڈی روڈ سمیت مختلف اہم بازاروں اور شاہراہوں کا دورہ کیا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کا جائزہ لیا۔ کارروائی کے دوران ریڑھیوں، عارضی اسٹالز اور دیگر تجاوزات کو ہٹایا گیا اور عوامی راستوں کو کلیئر کروایا گیا۔
اس موقع پر تمام تاجروں کو متنبہ کیا گیا کہ چھپڑ بازار اور ہسپتال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں آئندہ کسی قسم کی ناجائز تجاوزات قائم نہ کی جائیں۔ انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ عوامی گزرگاہوں، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی صورت میں بلاامتیاز اور بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پیرا فورس کی جانب سے تاجروں اور متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنی دکانوں اور کاروباری سامان کو مقررہ حدود تک محدود رکھیں تاکہ شہریوں کی آمدورفت اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف کارروائی کسی مخصوص فرد یا کاروبار کے خلاف نہیں بلکہ عوامی راستوں کی بحالی اور شہری نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے قانون کے مطابق کی جا رہی ہے۔ چھپڑ بازار اور ہسپتال روڈ سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نگرانی کا سلسلہ جاری رہے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


