پشاور :خیبر پختونخوا کے محکمہ ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول نے دعویٰ کیا ہے کہ پشاور میں تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 720 کلو گرام چرس اور 240 کلو افیون برآمد کی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم نے ایکسائز کی ٹیموں پر فائرنگ کی اور رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا۔
بیان کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انچارج ایکسائز انٹیلی جنس بیورو عاکف نواز خان کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی جس پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب پشاور میں ایکسائز انٹیلی جنس کی تین خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔
ناکہ بندی کے دوران جہاز چوک کے قریب ایک مشتبہ ریو گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا، تاہم ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے تیز رفتاری سے فرار کی کوشش کی اور ایکسائز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ فرار کے دوران گاڑی نے دیگر گاڑیوں اور سڑک کے پلیٹ فارمز کو بھی ٹکر ماری جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔
ایکسائز ٹیموں نے تعاقب جاری رکھتے ہوئے گاڑی کو رنگ روڈ پشاور کے قریب ڈبل روڈ پر قابو میں لے لیا، تاہم ڈرائیور شدید فائرنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہو گیا۔
گاڑی کو ایکسائز پولیس اسٹیشن (EPS) پشاور منتقل کیا گیا، جہاں تلاشی کے دوران 720 کلو گرام چرس اور 240 کلو گرام افیون برآمد ہوئی۔

