لاہور(حافظ نعیم الرحمان سے ):وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے لاہور میں میڈیا سے اہم گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بیس سال کی طویل بندش کے بعد اکتوبر میں پہلی بار زیرِ سمندر تیل کی تلاش کے لیے ترکیہ حکومت کا خصوصی جہاز پاکستان آ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک کنویں کی تلاش پر سو سو ملین ڈالر لاگت آتی ہے، اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت اگلے ماہ سامنے آ جائے گی، جبکہ دو درجن کے قریب بلاکس کی اربوں ڈالر کی آکشن کی تفصیلات بھی جلد عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔
عالمی منڈی میں تیل کی تشویشناک صورتحال پر بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے بتایا کہ پرسوں دبئی مارکیٹ میں تیل 118 ڈالر 40 سینٹ پر بند ہوا، جبکہ ڈیزل کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 170 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ عالمی جنگی حالات اور خطے میں کشیدگی (خصوصاً حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملوں) کی وجہ سے ایندھن کا بحران پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے، یہاں تک کہ فرانس میں بھی تیل نایاب ہو چکا ہے اور ڈیزل 2 یورو 40 سینٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ملک میں پیٹرول یا ڈیزل کی قلت پیدا ہو جائے تو قیمتیں ایک ہزار روپے فی لیٹر تک جا سکتی ہیں، تاہم حکومت اپنی محدود وسائل کے باوجود عوام کو ایندھن کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
جماعت اسلامی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے لیاقت بلوچ کو دفتر بلا کر تمام ملکی چیلنجز کھل کر سامنے رکھے ہیں۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی شرحِ سود کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کیا جائے۔ اگر حکومت دباؤ میں آ کر شرحِ سود کم کر دے تو ملک سے ڈالر کا فقدان ہو جائے گا اور پاکستان دیوالیہ پن کا شکار ہو سکتا ہے، اس لیے جماعت اسلامی پہلے لکھ کر دے کہ شرحِ سود کم کرنے سے ڈالر کی کمی نہیں ہوگی۔
پی ٹی آئی اور صوبائی حکومتوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ اسلام آباد پر کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور سیاست کے لیے معصوم بچوں کو ایندھن نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کے پی کے رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ پولیس لائنز کے واقعات اور عوام کی ترقی پر د توجہ دیں، وفاق پر چڑھائی کی تیاریوں سے گریز کریں۔
وفاقی وزیر نے عزم ظاہر کیا کہ موجودہ کٹھن حالات کے باوجود حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات میں بھرپور رعایت حاصل کرے گی اور ریاست کے مفادات اور غریب عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
پٹرولیم بحران دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ، قیمتیں 1000 روپے لٹر تک جا سکتی ہیں، وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

