پشاور (انور زیب خان)
قافلۂ شہداء جمعیت علماء اسلام (س) میں اہم سیاسی شمولیت سامنے آئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے قریبی ساتھی، نوشہرہ کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت جناب محمد ولید اختر نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت جمعیت علماء اسلام (س) میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے مولانا عبد الحق ثانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
شمولیتی تقریب کا انعقاد محمد ولید اختر کی رہائش گاہ، نوشہرہ کلاں میں ہوا، جس میں اہلِ علاقہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے امیر جمعیت علماء اسلام (س) مولانا عبد الحق ثانی، مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا سید محمد یوسف شاہ، مرکزی سرپرست و ضلعی امیر مولانا عرفان الحق حقانی، صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا عبد الحئی حقانی، ضلعی جنرل سیکریٹری مفتی محمد امین حکیم سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
مقررین نے محمد ولید اختر اور ان کے ساتھیوں کو جمعیت علماء اسلام (س) کے قافلۂ حق میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوشہرہ میں جماعت کے سیاسی، دینی اور عوامی کردار کو مزید مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔




