سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کے دورۂ سیالکوٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بار کے صدر سعید احمد بھلی، سابق سیکرٹری بار بیرسٹر جمشید غیاث اور پاکستان تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف مقدمے کے اندراج اور دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے پر شدید تشویش اور غصے کا اظہار کیا گیا۔سیالکوٹ کی تمام عدالتوں اور کچہری کی حد میں پولیس کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وکلاء نمائندوں اور بار ممبران نے مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت کے لیے مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔بار ایسوسی ایشن کے مطابق جب تک درج شدہ مقدمہ اور دہشت گردی کی دفعات ختم نہیں کی جاتیں، تب تک احتجاجی لائحہ عمل جاری رہے گا۔وکلاء رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی، بار ممبران کے وقار اور انصاف کے تحفظ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔



