کیلیفورنیا:ٹیکنالوجی کی دنیا کی دیو قامت کمپنی ’میٹا‘ (Meta) نے اپنے اربوں صارفین، ڈیجیٹل کریئیٹرز اور کاروباری اداروں کے لیے ایک انتہائی اہم اور بڑی تجارتی پیشرفت کرتے ہوئے باضابطہ طور پر ’میٹا ون‘ (Meta One) کے نام سے ایک نئی اور جامع سبسکرپشن سروس متعارف کرا دی ہے۔ اس نئے اقدام کا مقصد صارفین کو جدید ترین مصنوعی ذہانت (AI) ٹولز اور پریمیم فیچرز تک خصوصی رسائی فراہم کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے بنیادی فیچرز اور ’میٹا اے آئی‘ تک عام رسائی ہمیشہ کی طرح مفت رہے گی، تاہم جو صارفین اضافی سہولیات، طاقتور اے آئی ٹولز اور کمرشل فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ ان پیڈ پلانز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں متعارف کرائے جانے والے ان سبسکرپشن پلانز کی ماہانہ قیمت 2.99 ڈالر سے شروع ہو کر 499 ڈالر تک رکھی گئی ہے۔
عام اور انفرادی صارفین کے لیے میٹا نے دو بڑے بنڈل پلانز پیش کیے ہیں:
‘کور’ پلان: اس کی ماہانہ فیس 7.99 ڈالر رکھی گئی ہے، جس میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے پلس ورژنز کے ساتھ اے آئی کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی اضافی سہولیات ملتی ہیں۔
‘پریمیم’ پلان: یہ 19.99 ڈالر ماہانہ میں دستیاب ہے، جو صارفین کو مزید پیشرفتہ کری ایٹو ٹولز تک رسائی دیتا ہے۔
اس کے علاوہ صارفین چاہیں تو تینوں ایپس کی الگ الگ سبسکرپشن بھی لے سکتے ہیں، جہاں فیس بک اور انسٹاگرام پلس کی فیس 3.99 ڈالر جبکہ واٹس ایپ پلس کی فیس 2.99 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
بزنس کمیونٹی اور مواد تخلیق کاروں (Creators) کے لیے میٹا نے چار الگ الگ کیٹیگریز متعارف کرائی ہیں:
‘ایسنشل’ پلان (14.99 ڈالر ماہانہ): اس میں اکاؤنٹ کی آفیشل تصدیق (Verification)، جعل سازی سے تحفظ اور واٹس ایپ پر 24 گھنٹے صارفین کے سوالات کے جواب دینے والا ‘میٹا بزنس ایجنٹ’ شامل ہے۔
‘ایڈوانسڈ’ پلان (49.99 ڈالر ماہانہ): اس کے ذریعے انسٹاگرام اسٹوریز کو 30 دن پہلے شیڈول کیا جا سکتا ہے، ریلز اور پوسٹس میں کلک ایبل لنکس لگائے جا سکتے ہیں، اور ٹیم ممبران کو پاس ورڈ شیئر کیے بغیر رسائی دی جا سکتی ہے۔
‘ایکسپرٹ’ (149 ڈالر) اور ‘میکس’ (499 ڈالر ماہانہ): بڑے کاروباری اداروں کے لیے بنائے گئے ان پریمیم پلانز میں اے آئی ایجنٹس کی لامحدود سہولت اور ‘میکس’ پلان میں کسٹمر سپورٹ کے لیے کسی حقیقی شخص سے فون کال یا چیٹ کرنے کی خصوصی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر باضابطہ لانچ سے قبل مختلف آزمائشی مراحل کے دوران اس سروس کو 15 ملین سے زائد سبسکرپشنز اور ٹرائلز مل چکے ہیں۔ کمپنی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ مستقبل میں ویڈیو ایڈیٹنگ ایپس اور اے آئی سے لیس سمارٹ گلاسز کے لیے بھی اس سبسکرپشن ماڈل کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

