جھڈو (رپورٹ/ قیصر راجہ راجپوت)
یومِ تحفظِ ختمِ نبوت کے موقع پر جھڈو میں عظیم الشان سالانہ تاجدارِ ختمِ نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سمیت گردونواح سے علمائے کرام، مذہبی شخصیات، سیاسی و سماجی رہنماؤں، تاجر برادری، وکلاء، صحافیوں اور عاشقانِ رسول ﷺ نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایک پروقار تقریب کے دوران ختمِ نبوت چوک کا باقاعدہ سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا۔کانفرنس کے موقع پر شہر کا ماحول مذہبی جوش و جذبے سے بھرپور رہا۔ شرکاء نے تاجدارِ ختمِ نبوت ﷺ کے حق میں پرجوش نعرے بلند کیے اور عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔ کانفرنس میں شریک عاشقانِ رسول ﷺ نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ اپنی شرکت یقینی بنائی، جبکہ علمائے کرام نے عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت، اس کے تحفظ اور امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر مفتی تنویر احمد نقشبندی، مولانا شہزاد، مولانا رمضان، حاجی نثار قائم خانی، تصور راجپوت سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی اور لازمی حصہ ہے۔ مسلمان اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو اللہ تعالیٰ کا آخری نبی مانتے ہیں اور ختمِ نبوت کے عقیدے کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ تاجدارِ ختمِ نبوت کانفرنس کا مقصد عوام میں دینی شعور اور عقیدۂ ختمِ نبوت کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل اپنے دین، ایمان اور اسلامی عقائد سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ رہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ختمِ نبوت چوک کا قیام جھڈو کی مذہبی تاریخ میں ایک اہم اور یادگار اضافہ ہے۔ یہ چوک عقیدۂ ختمِ نبوت سے محبت اور وابستگی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کانفرنس کے شاندار انعقاد اور ختمِ نبوت چوک کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں بھرپور شرکت پر تمام علمائے کرام، مذہبی و سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، وکلاء، صحافیوں اور شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عقیدۂ ختمِ نبوت کے تحفظ اور اس حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے پرامن اور آئینی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک و ملت، شہر جھڈو اور تمام مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
منتظمین نے تاجدارِ ختمِ نبوت کانفرنس کی شاندار کامیابی اور ختمِ نبوت چوک کے سنگِ بنیاد کی عظیم الشان تقریب پر تمام مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام، تاجر برادری، وکلاء حضرات، صحافی برادری اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے تمام عاشقانِ رسول ﷺ اور عاشقانِ ختمِ نبوت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔


