سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے)
ریڈیو پاکستان سرگودھا کے پروگرام ’’شاہین سرگودھا‘‘ میں سینئر اینکر پرسن سبطین بلوچ کی میزبانی میں کھیلوں کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے، خواتین کھلاڑیوں کی نمایاں کامیابیوں اور سرگودھا کے سپورٹس ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی گئی۔
پروگرام میں اسسٹنٹ پروفیسر صباحت کلثوم، گیسٹ ٹیچر ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن، گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن فاروق کالونی سرگودھا اور ڈویژنل فوکل پرسن اسپورٹس، سرگودھا ریجن نے شرکت کی، جبکہ کالج کی نمایاں کھلاڑی روبّاب شکیل، روبینہ فاطمہ، مہرین بشیر، لاریب ایوب، مریم فاطمہ اور ماریہ مشتاق بھی پروگرام کا حصہ بنیں۔
اسسٹنٹ پروفیسر صباحت کلثوم نے کالج کی طالبات کی کھیلوں میں حاصل کردہ نمایاں کامیابیوں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ طالبات نے مختلف کھیلوں میں ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ادارے اور سرگودھا کا نام روشن کیا ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پر اس تاریخی کامیابی کو اجاگر کیا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ نارتھ پنجاب میں گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن فاروق کالونی سرگودھا کی ہونہار ایتھلیٹ روبّاب شکیل کو ان کی شاندار کھیلوں کی کارکردگی پر ایچ ای ڈی نے گولڈن گرل 2026 قرار دیا گیا، جو ادارے کے اساتذہ اور طالبات کے لیے ایک قابلِ فخر سنگِ میل ہے۔
روبّاب شکیل نے 800 میٹر میں پہلی، 1500 میٹر میں دوسری، 400 میٹر میں دوسری اور 4×100 میٹر ریلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا ثبوت دیا۔ پروگرام میں روبینہ فاطمہ، مہرین بشیر، لاریب ایوب، مریم فاطمہ اور ماریہ کی شرکت اور کھیلوں کے میدان میں ان کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔
کالج کی طالبات نے 100، 200، 400، 800، 1500، 3000 اور 5000 میٹر ریسز، جیولن تھرو، لانگ جمپ، ٹرپل جمپ، ہائی جمپ، شاٹ پٹ اور ڈسکس تھرو سمیت مختلف ایتھلیٹکس مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔ اسی طرح بیڈمنٹن، والی بال، باسکٹ بال، ہینڈ بال، رسہ کشی، کرکٹ، کبڈی اور کراٹے میں بھی کالج کی ٹیموں نے قابلِ ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ ہاکی ٹیم نے صوبائی سطح پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پروگرام میں سرگودھا کے ممتاز انٹرنیشنل ایتھلیٹ علی محمد اعوان کی کھیلوں کے لیے خدمات اور قومی و بین الاقوامی سطح پر حاصل کردہ اعزازات کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
علی محمد اعوان نے 2008 سے 2016 تک 800 اور 1500 میٹر میں قومی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ SAF Games 2010 میں کانسی کے تمغے کے فاتح، ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنلسٹ، تہران میں انڈور مقابلوں میں چاندی کے تمغے کے فاتح رہے، جبکہ 2013 میں تہران، ایران میں 800 میٹر میں طلائی تمغہ حاصل کرکے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے علی محمد اعوان کی جانب سے میراتھن ریس کے انعقاد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ یہ ریس 4 اکتوبر 2026 بروز اتوار صبح 9 بجے کنال روڈ سے شروع ہوگی۔ مختلف کیٹیگریز میں منعقد ہونے والی اس ریس کے نمایاں پوزیشن ہولڈرز کے لیے نقد انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔
پروگرام کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ طالبات کو کھیلوں کے میدان میں درپیش مسائل، سہولیات کی ضرورت، تربیتی مواقع اور بہتر ماحول کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔
شرکاء نے کہا کہ اس سلسلے میں اساتذہ، اسپورٹس ٹیچرز، کوچز اور قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ایتھلیٹس کو اپنا کردار مزید مؤثر بنانا چاہیے۔ تجربہ کار کھلاڑیوں کی رہنمائی اور کامیابیوں کو نئی نسل تک پہنچانے سے نوجوانوں میں کھیلوں کے لیے جذبہ اور اعتماد پیدا کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر میڈیا کے کردار کو بھی کھیلوں کے فروغ میں کلیدی قرار دیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں، کھیلوں کی سرگرمیوں اور انہیں درپیش مسائل کو عوام کے سامنے لانے کے لیے میڈیا مؤثر کردار ادا کرسکتا ہے۔
شرکاء نے ریڈیو پاکستان سرگودھا کی جانب سے کھیلوں، نوجوانوں اور خواتین کی کامیابیوں کو نمایاں کرنے کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام باصلاحیت نوجوانوں کو سامنے لانے اور انہیں مزید آگے بڑھنے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
’’میدان آباد ہوں تو صلاحیتیں نکھرتی ہیں،
اور صلاحیتوں کو راستہ ملے تو قومیں آگے بڑھتی ہیں۔‘‘
پروگرام کی میزبانی سینئر اینکر پرسن سبطین بلوچ نے کی، جبکہ پروگرام پروڈیوسر محمد جمشید قادری اور ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں۔


