لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے تمام اضلاع میں سڑکوں کی روزانہ کی بنیاد پر دیکھ بھال، صفائی اور مرمت کے لیے ’سپیشل روڈ مینٹیننس اسکواڈ‘ قائم کرنے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ اسکواڈ سڑکوں کی روزانہ جانچ پڑتال اور ٹوٹ پھوٹ کو فوری طور پر درست کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔
لاہور میں ایک خصوصی ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام ترقیاتی پراجیکٹس کے معیار، شفافیت اور وقت کی پابندی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں جاری کاموں کی خود مانیٹرنگ کریں۔ اجلاس کے دوران روڈ سیفٹی اور شہروں کی خوبصورتی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن کے مطابق مخصوص اربن روڈز پر کیٹ آئیز (Cat Eyes) کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ سڑکوں کی پائیداری اور خوبصورتی کے لیے تھرموپلاستک روڈ مارکنگز استعمال کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔داخلے کے نئے اصول: شہر اور تحصیل کے داخلی راستوں پر روایتی کنکریٹ کے دروازے تعمیر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور اس کے بجائے ہر شہر کے داخلی راستے پر سرسبز و شاداب پلاٹ پر خوبصورت انداز میں شہر کا نام کندہ کیا جائے گا۔
اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر بہترین میڈین ڈیزائن اور لینڈ اسکیپنگ کی جائے گی، جبکہ سڑکوں کے درمیان کنکریٹ سے بنے پلانٹرز رکھنے سے منع کیا گیا ہے۔ مخصوص سڑکوں کے کھمبوں کو مناسب روشنی سے روشن کیا جائے گا۔
فوڈ اسٹریٹس اور سبزی منڈیاں: صوبے بھر کی فوڈ اسٹریٹس کو مخصوص اور الگ تجارتی علاقوں کے طور پر پلان کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جہاں صفائی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات ہوں۔ اس کے علاوہ تمام سبزی منڈیوں میں رسائی، صفائی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام پراجیکٹس منظور شدہ ٹیکنیکل اسٹینڈرڈز کے مطابق مکمل ہونے چاہئیں اور عوام کو سفری سہولیات کی فراہمی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پنجاب کے ہر ضلع میں ’سپیشل روڈ مینٹیننس اسکواڈ‘ قائم کرنے کا فیصلہ، داخلی راستوں کی خوبصورتی کے لیے نئے احکامات جاری

