سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سیالکوٹ کی 130 سالہ تاریخی میونسپل لائبریری کی 9 کروڑ 61 لاکھ 20 ہزار روپے کی لاگت سے تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد لائبریری کو پیر کے روز عوام کے لئے کھول دیا گیا۔
میونسپل لائبریری کو 1961ء میں اقبال لائبریری کا نام دیا گیا تھا اور قلعہ سیالکوٹ سے پیرس روڈ پر منتقل کیا گیا۔ لائبریری گزشتہ اپریل سے تزئین و آرائش کے باعث بند تھی۔ اس کی باقاعدہ افتتاحی تقریب وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کی۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے لائبریری کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے بتایا کہ منصوبے کے تحت تاریخی عمارت کے حسن اور اصل تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں 16 کلوواٹ کا سولر سسٹم بمعہ بیٹری بیک اَپ نصب کیا گیا ہے جبکہ مرد و خواتین کے مطالعاتی کمروں اور جنرل وزیٹرز روم میں ایئر کنڈیشننگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات کے بعد ایک وقت میں تقریباً 40 سے 50 افراد آرام دہ ماحول میں مطالعہ کرسکیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ اقبال لائبریری میں تقریباً 35 ہزار کتب کا ذخیرہ موجود ہے جس میں متعدد نایاب اور قیمتی قدیم کتب بھی شامل ہیں۔ کتب کی بہتر ترتیب اور حفاظت کے لئے 38 نئے بک ریکس بھی فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائبریری کی پوری عمارت کو نیا اور خوبصورت انداز دیا گیا ہے جبکہ چھت کی مرمت و ٹریٹمنٹ، پرانی سیلنگ ہٹانے، نئے استقبالیہ کاؤنٹر اور لکڑی کے نئے دروازوں کی تنصیب سمیت مختلف تعمیراتی و تزئینی کام مکمل کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لائبریری میں 12 جدید کمپیوٹر سسٹمز، ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور قارئین کیلئے آرام دہ گھومنے والی کرسیاں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سہولیات کے ذریعے شہری کتابوں کے ساتھ ساتھ آن لائن اور ڈیجیٹل علمی وسائل سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔

