لاہور:صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے دہشتگردی سے متعلق بیان پر اپوزیشن کی جانب سے کیے جانے والے شور شرابے اور تنقید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کے بیان کو جان بوجھ کر گھٹیا طریقے سے سیاسی اور صوبائی رنگ دیا جا رہا ہے۔
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی زاہد بخاری کی خصوصی گفتگو https://t.co/TeccVyl5nV
— PMLN (@pmln_org) September 7, 2026
لاہور میں ایک اہم ویڈیو بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے محض یہ کہا تھا کہ پاکستان کو کسی بیرونی پڑوسی ملک سے خطرہ نہیں ہے بلکہ اصل خطرہ ان دہشتگردوں سے ہے جو مختلف صوبوں سے داخل ہوتے ہیں، کیونکہ پاک فوج ملکی دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بھارت ہم سے براہ راست جنگ کی سکت نہیں رکھتا اس لیے وہ پراکسیز (فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان) کے ذریعے سازشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیان پر بھارت کارڈ کھیلنے والے وہ لوگ ہیں جن کی اپنی "باجیاں” مودی کی ہمدرد ہیں اور ماضی میں "معرکہ حق” کو فالس فلیگ آپریشن قرار دے چکی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور دیگر مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے پی کے حکمران صوبے میں امن بحال کرنے اور دہشتگردوں کے سلیپر سیلز ختم کرنے کے بجائے صرف سیاست کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد یہ عناصر پنجاب کا رخ کرتے ہیں، اور وزیراعلیٰ پنجاب نے کچے سمیت انہی چیلنجز سے احسن طریقے سے نمٹ کر امن قائم کیا ہے۔ مریم نواز نے نہ صرف پنجاب بلکہ بلوچستان کے طلباء اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے ہیں، اور انہیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔

