سیالکوٹ۔سلیم احمد اعوان شیخو \
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس پولیس لائنز کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جوڈیشل گارڈ اور حوالات کی سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا جبکہ
کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح پیغام بھی دیا گیا۔اجلاس میں سب ڈویژنل پولیس آفیسرز،ایس ایچ اوز اور انچارج جوڈیشل گارڈز نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے قیدیوں کی عدالتوں میں پیشی اور منتقلی کے دوران فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے، نفری کو مکمل بریفنگ دینے اور مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے واضح کیا کہ قیدیوں کی نگرانی، عدالت پیشی، محفوظ منتقلی اور حوالات کی سیکورٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افیسران اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور مکمل جواب دہی کے ساتھ ادا کریں۔
اجلاس میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے تمام افیسران کو اپنے فرائض منصبی دیانتداری سے سر انجام دینے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ محکمے میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ کرپشن میں ملوث پولیس آفیسرز اور ماتحت ملازمین کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور محکمہ پولیس کو کالی بھیڑوں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔




