سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر قلعہ سیالکوٹ پر ہلالِ استقلال پرچم کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ تھے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کی زیر صدارت منعقدہ تقریب میں سٹیشن کمانڈر سیالکوٹ کینٹ بریگیڈیئر وقار خان ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد، اراکین صوبائی اسمبلی طارق سبحانی اور فیصل اکرام سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کا آغاز صبح 9 بجے سائرن بجانے اور قومی پرچم لہرانے سے ہوا۔ اس موقع پر ملٹری بینڈ کی دھنیں اور ملی نغمے فضا میں گونجتے رہے جبکہ شرکاء نے وطن عزیز کے دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
۔
سٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر وقار خان نے کہا کہ افواج کی قدر ان ممالک سے پوچھیں جن کی افواج اپنے ملک کے دفاع کی طاقت نہیں رکھتیں۔ انہوں نے کہا کہ چونڈہ کا معرکہ جنگِ عظیم دوم کے بعد سب سے زیادہ خونریز جنگوں میں شمار ہوتا ہے اور اسی جنگ میں سیالکوٹ کے عوام کی بہادری اور قربانیوں کے اعتراف میں شہر کو ہلالِ استقلال سے نوازا گیا۔
معرکہ حق 2025ء میں مسلح افواج اور پاکستانی عوام نے دشمن کو دھول چٹائی۔ علامہ اقبال کی ولولہ انگیز اور پرجوش شاعری نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر وطن عزیز کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔

