سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر قلعہ سیالکوٹ پر ہلالِ استقلال پرچم کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے محمد منشاء اللہ بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی کامیابیوں کی داستانیں آج بھی ہمارے ذہنوں میں نقش ہیں۔ 6 ستمبر 1965ء کو فیلڈ مارشل ایوب خان کا خطاب ریڈیو پر سننے کے لئے شہری چوراہوں پر اکٹھے ہوتے تھے اور فیلڈ مارشل ایوب خان نے قوم کو بتایا کہ ہم نے فوج کو حکم دیا ہے کہ دشمن پر ٹوٹ پڑو۔انھوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ شہری ‘پل ایک’ پر پاک افواج کے دستوں کے لئے کھانا لے کر آتے تھے اور سیالکوٹ کے شہریوں نے اپنا سب کچھ پاک فوج کی نظر کر دیا تھا۔ وہ خود بھی سول ڈیفنس کی وردی پہن کر ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے اور پاک فوج کا کوئی دستہ یا جوان شہر سے گزرتا تو شہری اس کے ساتھ ساتھ چلنا شروع کر دیتے تھے۔ 1965ء کی جنگ میں اللہ تعالیٰ کی نصرت بھی پاک فوج کے ساتھ تھی اور آج بھی اللہ تعالیٰ کی مدد ہمارے ساتھ ہے۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے کہا کہ 6 ستمبر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملکی دفاع ایک مسلسل عمل بن چکا ہے اور ہماری افواج ہر لمحہ ملکی دفاع کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جبکہ معرکہ حق کے دوران بھی افواج نے دنیا کو بتا دیا کہ وہ ہر لمحہ ملکی دفاع کے لیے تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام کی بے مثال قربانیوں اور حب الوطنی کے اعتراف میں شہر کو ہلالِ استقلال سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چونڈہ کا محاذ ہماری عسکری تاریخ کا درخشندہ باب ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں پر فخر کرنے والی قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں سیالکوٹ کی غیور عوام نے پاک افواج کے شانہ بشانہ ملک کا دفاع کیا۔

