واشنگٹن:امریکہ کے عسکری حلقوں میں ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کو طویل کھینچنے پر شدید تحفظات سامنے آئے ہیں۔ معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، امریکی فوج کے اعلیٰ ترین افسران نے سیکرٹری وار پیٹ ہیگسیتھ کو باضابطہ طور پر خبردار کیا ہے کہ ایران میں جاری فوجی آپریشنز کو مزید طول دینا امریکی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آرمی، نیوی اور ایئر فورس کے سربراہان نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے کہ طویل اور غیر معینہ مدت تک چلنے والے فوجی آپریشنز سے نہ صرف امریکی افواج کے وسائل پر حد سے زیادہ دباؤ پڑے گا بلکہ دیگر اہم اسٹریٹجک خطوں میں دفاعی تیاریاں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
صرف پینٹاگون کے اندرونی حکام ہی نہیں بلکہ یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکہ میں تعینات امریکی جنگی کمانڈرز نے بھی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران آپریشنز کے لیے طویل المدتی وابستگی سے امریکہ کی عالمی سطح پر دیگر سکیورٹی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی صلاحیت محدود ہو سکتی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کو پیش کی گئی خفیہ رپورٹس میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اگر ایران میں فوجی موجودگی اور کارروائیوں کو بغیر کسی واضح حکمتِ عملی کے طویل کیا گیا، تو اس کے خطے میں طویل مدتی اور منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ فوجی قیادت نے زور دیا ہے کہ پالیسی سازوں کو ایران کے معاملے پر عسکری وسائل کے استعمال اور اس کے ممکنہ اسٹریٹجک نقصانات کا باریک بینی سے جائزہ لینا چاہیے۔
ایران سے جنگ لمبی ہوئی تو نقصان ہوگا، امریکی وزیرجنگ پیٹ ہیگسیتھ کو امریکی جنرلز کی وارننگ

