سیالکوٹ:- سلیم احمد اعوان شیخو
وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تمام سرکاری محکموں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ مختلف محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری بھی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو غیر ضروری مشکلات اور کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ا ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل پکا گڑھا میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے زیر نگرانی سوئی گیس پریشر میں بہتری کے منصوبے کی تکمیل کے موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔منشاء بٹ نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام کی سہولت اور بہتری کے لئے کے جاتے ہیں۔تاہم اگر ایک محکمہ ترقیاتی کام مکمل کرنے کے بعد سڑک، گلی یا دیگر بنیادی ڈھانچے کی بحالی یقینی نہ بنائے تو عوام کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جانب سے سوئی گیس کے کم پریشر کی شکایات اور پریشر کی بحالی کا مطالبہ طویل عرصے سے سامنے آرہا تھا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ان علاقوں میں سوئی گیس کے پریشر میں بہتری آئے گی اور شہریوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے جاری منصوبوں کے ثمرات براہ راست شہریوں تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کے افیسران اور ملازمین قومی جذبے، احساس ذمہ داری اور فرض شناسی کو اپنا شعار بنائیں اور عوامی خدمت کو محض سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ قومی خدمت سمجھ کر انجام دیں۔
ہر سرکاری افسر اور ملازم اپنے فرائض کا جواب دہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام سرکاری امور دیانت داری، خلوص اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی بہتر کارکردگی، باہمی رابطہ کاری اور عوامی مسائل کے فوری حل سے نہ صرف شہریوں کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ ملکی و صوبائی ترقی کا عمل بھی تیز ہوگا۔
تقریب میں لیگی رہنما خواجہ سلطان ٹیپو، یوسی چیئرمین میاں آصف، عمر عابد بٹ، مہر ذوالفقار، یوسی چیئرمین میانہ پورہ، ملک عظمت اللہ، عباس نمبردار، مہر شاہجہان، سوئی ناردرن گیس کے کوآرڈینیٹر سہیل میر، انجینئر عبدالواسع سمیت علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

